نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان عدالتوں کے لاڈلے ہیں اور ان کے خلاف چلنے والے سائفر کیس میں عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے۔
انڈپینڈنٹ اردو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں جو سہولیات مل رہی ہیں ان کے بارے عام شہری سوچ بھی نہیں سکتا۔
نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں عدالت کے حکم پر مرسیڈیز گاڑی میں لے جانے کا کہا گیا، ’’ گڈ ٹو سی یو ‘‘ کے جملے جیسی چیزیں میری دلیل کو مضبوط کرتی ہیں، عدالتی اصلاحات کی بہت ضرورت ہے ، عدلیہ کے مسائل کا سب کو پتہ ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ عام انتخابات کا معاملے پرمسلم لیگ ( ن ) کو کوئی فیور نہیں دیا جارہا، سابق وزیر اعظم نواز شریف پر زیادہ تر مقدمے بے بنیاد تھے، بیٹے سے تنخواہ لینے کے جرم میں تاریخ میں کوئی پہلی بار نااہل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف پیپلز پارٹی کے لاڈلے ہیں اور انہی کے امیدوار ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ سب کیلئے ہیں، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کے بیان پر تبصرہ مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کیس چھوٹا معاملہ ہے اور اگر عدالت چھوٹے معاملات پر وزیراعظم کو بلائے گی تو یہ مناسب عمل نہیں، پاکستان میں لاپتہ افراد کی تعداد خطے میں سب سے کم ہے اور اب لاپتہ افراد کا معاملہ ملک کے خلاف پروپیگنڈے کا ہتھکنڈا بن چکا ہے۔