مشرق وسطیٰ کے اہم ممالک ایران اور سعودی عرب میںسات سال کی کشیدگی کے بعد سفارتکاری مکمل طورپربحال ہوگئی، سعودی سفیرتہران اور ایرانی سفیر ریاض پہنچ گئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے سفیرعبداللہ بن سعود الانزی تہران پہنچ گئے، جس کے چند گھنٹے قبل ایران کے سفیرعلی رضا عنایتی ریاض پہنچے تھے، سالوں سے جاری کشیدگی کے بعد دونوں خلیجی ملکوں نے سفارتی تعلقات میں استحکام کا عزم کیا۔
رپورٹس کے مطابق علی رضا عنایتی کی الریاض روانگی سے قبل صدر ابراہیم رئیسی نے انہیںعلاقائی اور سلامتی کے شعبوں میں ایران اور سعودی عرب کی اہمیت اجاگرکرنےپر زور دیا اور تہران اورالریاض کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دستیاب صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
یادر ہے کہ چین کی ثالثی میں مارچ میں طے پانے والے معاہدے کے تحت الریاض اور تہران نے ایک دوسرے کے علاقوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل ہونے والے سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے سنہ 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر دیئےتھے۔