اسلام آباد کے سیکٹر جی 12 مہر آبادی میں تین سال کا بچہ سیوریج کے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، پولیس نے قانون کارروائی کرکے لاش ورثا کے حوالے کردی۔ اسلام آباد ضلعی انظامیہ کے مطابق علاقہ مکینوں نے خالی پلاٹ میں گڑھا کھود رکھا تھا ۔ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔
شہر اقتدار میں 3 سال کے نعمان کیلئے اپنی ہی گلی مقتل بن گئی۔ جی 12 کی کچی آبادی میں کمسن بچہ کھیلتے کھیلتے سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا۔ جسے واپس نکالنے تک معصوم دم توڑ چکا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے بعد موت حادثاتی قرار دے دی۔
مہر آبادی کے مکینوں کا کہنا ہے خالی پلاٹ میں کھڑے سیوریج پانی کی بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا غیر قانونی طور پر قبضے کی جگہ قائم مہر آبادی میں مکینوں نے ایک پلاٹ میں کھدائی کرکے سیوریج نما گڑھا بنا رکھا تھا، بچے کی موت علاقہ مکینوں کی جانب سے کھودے گئے اسی گڑھے کے پانی میں گرنے سے ہوئی، ترجمان کے مطابق کھدائی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔



















