وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے معاملے پر پیش رفت سست روی کا شکار ہے۔ این ایف سی کے اگلے اجلاس کا شیڈول تاحال طے نہ ہوسکا جبکہ ورکنگ گروپس کی تجاویز بھی موصول نہیں ہوئیں۔
وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم سے متعلق قومی مالیاتی کمیشن کے ابتدائی سیشن میں این ایف سی کا اگلا اجلاس جنوری کے وسط میں بلانے پر اتفاق ہوا تھا تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی جا سکی۔
اب تک صرف فاٹا سے متعلق ورکنگ گروپ کا ابتدائی اجلاس ہوا جس میں ڈیٹا اور سفارشات شیئر کی گئیں۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے این ایف سی کے لیے مجموعی طور پر آٹھ ورکنگ گروپ قائم کیے گئے تھے جنہیں آٹھ جنوری تک اپنی تجاویز جمع کرانے کا ہدف دیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق وفاقی سیکرٹری خزانہ اس وقت یو اے ای کے دورے پر ہیں اور ان کی واپسی کے بعد این ایف سی ورکنگ گروپس کے مزید اجلاس ہونے کا امکان ہے۔ این ایف سی ورکنگ گروپس کی سربراہی وفاقی اور صوبائی وزرائے خزانہ کو سونپی گئی ہے۔



















