فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان چار روزہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر اور مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان چار روز کی جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا تھا جس کے پیش نظر قطر کے مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے معاہدے پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا ہے۔
مصر کا کہنا ہے غزہ میں ہر روز 130,000 لیٹر ڈیزل ، گیس کے چار اور 200 امدادی ٹرک داخل ہوں گے۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ معاہدے کی شرائط کے مطابق پہلے 13 اسرائیلی قیدیوں اور 39 فلسطینیوں کو جمعہ کو شام 4 بجے رہا کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عارضی جنگ بندی کے دوران بھی غزہ کے الشفا اسپتال میں آپریشن جاری رکھیں گے اور حماس کی سرنگوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ لبنانی حکومت کو حزب اللہ کے خلاف اقدامات اٹھانے چاہییں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں اب تک 14 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔