اسلام آباد پٹوار سرکل میں اراضی کے ریکارڈ میں جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے۔ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد میں درج کیس میں سابق حلقہ پٹواری نجف حمید اور ریونیو افسرعبدالظہور کو ملزم نامزد کیا گیا ۔ ملزمان پر ایک کنال قیمتی زمین بوگس انتقال کے ذریعے ہتھیانے کا الزام ہے۔
مقدمے میں دھوکہ دہی ، جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی دفعات شامل ہیں ۔ ایف آئی آر کے مطابق نجف حمید نے ایک اور پٹواری کے ساتھ مل کر ایک کنال پلاٹ کی ملکیت تبدیل کی ۔ جعلی رجسٹری اور بوگس انتقالات کے ذریعے ملزمان نے ایک کنال کے بجائے صرف دس مرلے اراضی منتقل کی ۔
زمین کی فرد ملکیت اور سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی 2009 اور 2010 میں کی گئی ۔ ایف آئی اے حکام نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔



















