معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو مفافع بخش ایئرلائن بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کو واضح پیغام ہے کہ جو کارکردگی دکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں عارف حبیب نے کہا کہ معاہدے کے تحت پی آئی اے کا نام تبدیل نہیں کرسکتے۔ قومی ایئرلائن کو منافع بخش بنا کر ملازمین کو تحفظ دیں گے، جو بہتر کارکردگی دکھائے گا، وہی ادارے میں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 40 لاکھ پاکستانی بیرون ملک رہتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ کی تعداد 7 کروڑ سے زیادہ بنتی ہے اور 7 کروڑ پاکستانی ایئرلائن کا استعمال کرتے ہیں۔ کوشش ہوگی پاکستانی صرف پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں، پی آئی اے کو حج اور عمرہ کے حوالے سے ترجیح حاصل ہے۔



















