پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا سالانہ تبادلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ تبادلہ پاک بھارت ایٹمی تنصیبات کے خلاف حملوں کی ممانعت کے معاہدے کے تحت عمل میں آیا۔ پاکستان نے اپنی ایٹمی تنصیبات کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی، جبکہ بھارت نے اپنی ایٹمی تنصیبات کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کو فراہم کی۔
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری کو ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ اس معاہدے پر 31 دسمبر 1988ء کو دستخط کیے گئے تھے جبکہ یہ 27 جنوری 1991ء کو نافذ العمل ہوا۔ دونوں ممالک یکم جنوری 1992ء سے مسلسل اس معاہدے کے تحت فہرستوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔



















