پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں نئے سال 2026 کا آغاز ہو گیاہے، شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا، اس ضمن میں لاہور کے علاقے لبرٹی میں بھی پنجاب حکومت کی جانب سے زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی ۔
2025 الوداع ، 2026 خوش آمدید ، نئے سال کا آغاز ہوگیا، اے خدا خیر کی خبروں کے اُجالے رکھنا، ارض پاک کی سلامتی، ترقی ، امن اور استحکام کی دعاؤں کے ساتھ آئیں, نفرتیں اور کدورتیں مٹائیں ، سب مل کر پاکستان کو عظیم سےعظیم تر بنانے کا عزم کریں۔
پارک ویو سٹی اسلام آباد کا شاندار میلہ
پارک ویو سٹی اسلام آباد میں نئے سال کاجشن بھر پور انداز میں منایا گیا، جھیل کنارے رنگا رنگ میلے کا اہتمام کیا گیا جبکہ شرکاء میوزکل کنسرٹ سے بھی محظوظ ہوئے، اس کے بعد شاندار آتشبازی کی گئی جس سے آسمان پر رنگ بکھر گئے،شہریوں نے بھرپور لطف اٹھایا اور کہا کہ ایسا اہتمام کم ہی دیکھنے کو ملتاہے ۔

لبرٹی
لاہور کے علاقہ لبرٹی میں پنجاب حکومت کی جانب سے شاندار جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں نئے سال کے آغاز پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی ۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا
نئے سال کو سب سے پہلے نیوزی لینڈ نے خوش آمدید کہا اور اس سلسلے میں آکلینڈ میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد اُمڈ آئی جبکہ نوجوانوں نے سڑک پر رقص کرتے ہوئے جشن منایا ۔
آسٹریلیا
اس کے بعد آسٹریلیا نے نئے سال کا استقبال کیا ، سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان پر خوبصورت روشنیاں بکھر گئیں ۔ ساحل پر بڑی تعداد میں لوگوں نے اکھٹا ہو کر آتشبازی سے پہلے بونڈائی واقعے پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ، شمعیں اور فون کی ٹارچ لائٹ روشن کی گئی ۔
چین
چین میں نئے سال کا استقبال روایتی انداز میں کیا گیا، ہانگ کانگ میں نئے سال کی آمد پر آتشبازی کی گئی ، تائیوان میں بھی 101 ٹاور پر شاندار آتش بازی کی گئی۔
چینی صدر کا پیغام
چینی صدرشی جن پنگ نے نئے سال کی آمد پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ چین کے لئے 2025 کامیابیوں اور ترقی کا سال ثابت ہوا، ہماری معاشی قوت، دفاعی طاقت نئی بلندیوں تک پہنچ چکی ہے، دنیا تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، کچھ خطے اب بھی جنگ کی لپیٹ میں ہیں، تمام ممالک کے ساتھ مل کر عالمی امن اور ترقی کے لیے تیار ہیں، دنیا میں منصفانہ اور مساوی عالمی حکمرانی کے نظام کو فروغ دیا جائے، آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے لوگوں کے درمیان خونی رشتے ہیں، مادرِ وطن کے دوبارہ اتحاد کو روکا نہیں جا سکتا۔
جنوبی کوریا
جنوبی کوریا میں بھی نئے سال 2026 کا آغاز ہو گیاہے جہاں سیول میں روایتی انداز میں گھنٹہ بجا کر نئے سال کا استقبال کیا گیا ۔
ملائیشیاء
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے ٹوئن ٹاور پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا ۔
روسی صدر کا پیغام
روس کے صدر ولادیمیئر پیوٹن نے نئے سال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے روس جنگ میں فتح حاصل کرے گا،امن مذاکرات اور یوکرین تنازعہ کا حتمی نتیجہ اب بھی غیر یقینی ہے، یوکرین میں لڑنے والے فوجی ہمارے ہیرو ہیں، محاذ پر لڑنے والے فوجیوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہیں، ہمیں اپنے فوجی افسروں اور جوانوں پر فخر ہے۔






















