ایران میں تیل کی تنصیبات پر خوفناک بمباری کے بعد آسمان سے سیاہ پانی کی بارش کے بعد پڑوسی ممالک میں اثرات کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے آنے والی ہواؤں میں آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی حصوں تک پہنچ سکتےہیں، ان ہواؤں کی وجہ سے ملک کے مغربی علاقوں کا فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے پاکستان میں کالی بارش کے امکان کو مسترد کر دیا تاہم ایران کے راستے آنے والے سسٹم میں آلودگی پیدا کرنے والے ذرات موجود ہونے کے پیش نظر ریجنل آفسز کو بارش کے نمونے جانچ کیلئے جمع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
حکام کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آنے والے دنوں میں ایران کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا۔ اس میں آلودگی پیدا کرنے والے ذرات بھی موجود ہو سکتے ہیں۔ البتہ کالی بارش کا کوئی امکان نہیں۔
آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟
واضح رہے کہ ایران پر جاری حملوں کے دوران اسرائیل اور امریکا کی ایران میں تیل کی تنصیبات پر خوفناک بمباری کے بعد تہران میں ماحول اس قدر آلودہ ہو گیا کہ آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور تیل کے ملاوٹ شدہ کالے پانی کی بارش ہوئی ہے۔
تہران میں اس صورتحال کے بعد پڑوسی ممالک کے اس کے موسمی اثرات کے اثر انداز ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ خصوصاً پاکستان میں اس حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں، کیونکہ ایران اور پاکستان کی سرحدیں آپس میں ملتی ہیں۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسلام آباد کے چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ میں چند مقامات پرتیز،موسلادھاربارش متوقع ہے۔ بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں چند مقامات پرتیز، موسلادھاربارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر، مہمند، پشاور، صوابی،مردان اورچارسدہ میں بھی بارش کا امکان ہے، نوشہرہ، بنوں، اورکزئی، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں بارش کی توقع ہے، اس دوران خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
راولپنڈی، اٹک ، چکوال، میانوالی، جہلم میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، مری،گلیات اور گردو نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش اورژالہ باری متوقع ہے۔ پنجاب کے دیگراضلاع میں موسم خشک رہنےکا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب،قلعہ عبداللہ، پشین میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔





















