امریکی سفارت خانے کی پاکستان میں ممکنہ بڑے جلوسوں کے پیش نظر اپنے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت۔ سیکیورٹی الرٹ جاری۔ آج سے سفارتی عملے کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ جبکہ لاہور، کراچی اور پشاور میں قونصل خانے ملک بھر میں ہونے والے ممکنہ بڑے اجتماعات اور جلوسوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آج دوپہر بارہ بجے سے امریکی عملے کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا جائے گا۔
ممکنہ ہجوم اور ٹریفک کے شدید دباؤ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ جبکہ سیکیورٹی چیک پوسٹس میں اضافہ اور بعض علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس میں عارضی خلل بھی آ سکتا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑے اجتماعات سے دور رہیں اور اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں۔ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
اعلامیے کے مطابق لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں میں تاحال قونصلر خدمات معطل ہیں، البتہ اسلام آباد میں سفارت خانہ امریکی شہریوں کو خدمات فراہم کرتا رہے گا۔ جن افراد کی پہلےسے اپائنٹمنٹ طے ہے، اس میں کوئی تبدیلی ہوئی تومطلع کیا جائے گا۔





















