وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اہم فیصلے کرلیے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی صدارت میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرتربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان اور کم اقساط پر پلاٹس فراہم کئے جائیں گے ۔ پاکستان بھرسے ہر سال 10 پولیس انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی اسکالرشپ پر کورسز کیلئے بیرون ملک بھجوائے جائیں گے ۔
پندرہ کانسٹیبلزکے ایک بچے کے پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلے سمیت تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فاؤنڈیشن برداشت کرے گی ۔ ہر سال 5 ایس پی ، ایس ایس پی رینک کے افسران کو اے آئی میں ڈگری کے لیے اسکالرشپ پر بیرونِ ملک بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
وزیر داخلہ نے ادارے کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔ ان کا کہنا تھا نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک انتہائی فعال اور متحرک ادارہ بنانا ہے ۔



















