سٹی کورٹ کے احاطے میں یوٹیوبر پر تشدد کے واقعے کے بعد رجب بٹ کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کے خلاف وکلاء برادری نے شدید احتجاج کیا۔ وکلاء نے سٹی کورٹ پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور نعرے بازی کی، جس کے باعث ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق وکلاء برادری بھی رجب بٹ اور ان کے وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتی ہے، تاہم مقدمہ درج نہ ہونے پر وکلاء نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کر دی۔ سڑک کی بندش کے باعث کے ایم سی بلڈنگ اور اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر سما نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر کراچی بار ایسوسی ایشن عامر وڑائچ نے کہا کہ وکلاء تصادم نہیں چاہتے بلکہ بیٹھ کر معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹی کورٹ واقعے کو یکطرفہ طور پر پیش کیا گیا اور ایف آئی آر بھی یکطرفہ مؤقف پر درج کی گئی ہے، جبکہ وکلاء کے مؤقف کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
عامر وڑائچ نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام حقائق سامنے آ جائیں گے۔ اگر کسی وکیل کی غلطی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر فریقین کے مؤقف الگ الگ ہوں تو الگ الگ مقدمات بھی درج کیے جا سکتے ہیں۔



















