سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اسد قیصر کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو دو مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد صوابی جیل سے رہا کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنماء کو صوابی جیل سے رہائی کے بعد چارسدہ پولیس نے گرفتار کرلیا، جو انہیں لے کر چارسدہ روانہ ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چارسدہ انٹر چینج توڑ پھوڑ کیس میں اسد قیصر کو گرفتار کیا۔
دوسری جانب اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور صوابی انٹر چینج توڑ پھوڑ کیس میں اسد قیصر کو ضمانت مل گئی ہے، اسد قیصر کو من گھڑت کیس میں دوبارہ گرفتار کیا جارہا ہیں، 9 مئی کو چارسدہ کے کیس میں بھی اسد قیصر کا نام ڈال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پھر 9 مئی کے ایک اور مقدمے میں چارسدہ پولیس گرفتار کررہی ہیں، ایک دن میں ایک آدمی اتنی جگہ کیسے ہوسکتا ہیں؟۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو پیش آنے والے پرتشدد واقعات پر حراست میں لیا گیا تھا۔