ملک میں سونے کی درآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 1.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2023ء تک کی مدت میں 8.883 ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.11 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی تا اکتوبر 2022ء میں 8.983 ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مقدار کے لحاظ سے سونے کی درآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 21.12 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی، رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 189 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 156 کلو گرام تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں سونے کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 35.62 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اکتوبر 2023ء میں 1.584 ملین ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں 2.461 ملین ڈالر تھا۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں سونے کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 32.69 فیصد کی کمی ہوئی، ستمبر میں 52 کلو گرام سونے کی درآمدات ہوئیں جو اکتوبر میں کم ہو کر 35 کلو گرام رہ گئیں۔