اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر اور ماہر معاشیات ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے گہرے رنج و غم اور سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ، مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے الگ الگ تعزیتی پیغامات جاری کئے ۔
مرحومہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قومی قیادت نے کہا ڈاکٹر شمشاد اختر ملک کی ممتاز ماہر معاشیات،ایک قابل اور دیانت دار شخصیت تھیں، اسٹیٹ بینک اور دیگر اہم قومی و بین الاقوامی اداروں میں خدمات دے کر انہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا، شمشاد اختر پاکستان کی معاشی تاریخ میں باوقار، اصول پسند اور مدبر آواز تھیں ، معیشت کے استحکام اور مالیاتی شعبے کی بہتری کے لیے مرحومہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔



















