پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی فرنچائزز کے لیے موصول ہونے والی بولیوں کا تکنیکی جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی ٹیموں کے حصول کے لیے دنیا بھر سے 12 بولیاں موصول ہوئیں، جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد 10 بولیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے کے باعث اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ اہل قرار پانے والی پارٹیاں اب نیلامی کے مرحلے میں حصہ لیں گی۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔ کامیاب بولی دہندگان کو فرنچائز کے لیے راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے کسی ایک شہر کے نام کے انتخاب کا اختیار ہوگا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی خوش آئند ہے اور پی ایس ایل کی توسیع ایک اہم سنگ میل کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق ٹیموں کی نیلامی سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔




















