رواں سال 2025میں شوبز کی دنیا میں تلخ اور شیری یادیں دونوں شامل رہیں جہاں کچھ اداکاروں کے لیے یہ سال کامیابیوں سے بھرا رہا وہیں متعدد معروف شخصیات ہم سے ہمیشہ کے لیے بچھڑ کر رخصت ہو گئیں۔
رواں سال پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی ستارے اس دنیا سے رخصت ہوئے جن میں دو واقعات ایسے تھے جنہوں نے شوبز حلقوں کو دہلا کر رکھ دیا، ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عائشہ خان کی 20جون 2025کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع فلیٹ سے کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی، پڑوسی نے تعفن محسوس ہونے پر اطلاع دی اور جب فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا تو اندر سے تعفن زدہ لاش برآمد ہوئی۔
اس کے بعد 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی ناقابل شناخت لاش ملی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کا انتقال 7 اکتوبر کو ہوا تھا اور لاش تقریبا 9 ماہ پرانی تھی، ان کی تدفین 11 جولائی کو آبائی شہر لاہور میں کی گئی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کیں اور موت کو طبعی قرار دیا۔
سال 2025میں سب سے پہلے ہم سے رخصت ہونے والے شوبز ستارے کامیڈین جاوید کوڈو تھے جو اپریل 2025 میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، 3 مئی کو پاکستانی فلم سٹار اور سپر ماڈل اداکارہ ایمان علی کی والدہ اور اداکار عابد علی کی اہلیہ و سابق مشہور اداکارہ حمیرا عابد بھی انتقال کر گئیں جنہوں نے پی ٹی وی کے سنہرے دور میں شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
کامیڈین اور تھیٹر، ٹی وی و فلم کے نامور فنکار لکی ڈیئر طویل علالت کے بعد 30 ستمبر 2025 کو لاہور میں انتقال کر گئے، 60 سالہ فنکار گزشتہ آٹھ ماہ سے پھیپھڑوں اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے اور میو ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔یکم ستمبر کو معروف فلم، ٹی وی اور سٹیج کے اداکار انور علی بھی طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے جو پھیپھڑوں، گردوں، فالج اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔4نومبر 2025کو پاکستان فلم انڈسٹری کے معتبر پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر چوہدری کامران اعجاز برین ہیمرج کے باعث وفات پا گئے۔
رواں سال سینئرفلم رائٹر محمد کمال پاشا بھی 3 اکتوبر 2025 کو طویل علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوئے، محمد کمال پاشا نے 300 سے زائد فلموں کے لیےسکرپٹ لکھے اوراپنے کیریئرمیں معاشرتی مسائل، غربت، محبت، اخلاقی زوال اور موت جیسے موضوعات پر مبنی کہانیاں تخلیق کیں جنہیں شوبز حلقوں نے ہمیشہ یاد رکھا۔
مئی میں قتل ہونے والی چترال کی ڈیجیٹل کریئیٹر ثنا یوسف،ستمبر میں اچانک انتقال کر جانے والے ننھےاسٹار احمد شاہ کے بھائی عمر شاہ، دسمبر میں زچگی کی پیچیدگیوں کے باعث دنیا چھوڑنے والی ٹک ٹاکر پیاری مریم، اپریل میں وفات پانے والے ملک کے مقبول ترین شیف ذاکرقریشی،اکتوبرمیں رخصت ہونےوالے ڈرامہ 'سرِ راہ' کے اداکار عزیر عباسی،دسمبر میں 67 برس کی عمرمیں انتقال کرجانے والی مایہ ناز اداکارہ و ماہرِ تعلیم بینا مسرور اور اردو زبان و ادب کی ممتازمحقق و دانشورسیدہ عارفہ زہرا شامل ہیں جن کی رحلت سے اردو ادب کا ایک سنہرا باب بند ہو گیا
سال 2025میں یہ تمام شخصیات شوبز انڈسٹری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بنیں اور ان کا فن، محنت اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔





















