کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان تحریکِ انصاف کے دو گروپ آمنے سامنے آ گئے جس کے باعث کشیدگی پیدا ہو گئی۔ یہ واقعہ سابق پی ٹی آئی ایم این اے امجد خان نیازی کے استقبال کے دوران پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق جھگڑا سالار کاکڑ اور داؤد شاہ گروپ کے درمیان بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر تنازع کے باعث ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سالار گروپ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدوار کھڑے کرنے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی بلوچستان کی شکایت پر بانی پی ٹی آئی کے پولیٹیکل ایڈوائزر کی کوئٹہ آمد متوقع ہے تاکہ اندرونی اختلافات پر بات چیت کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق سالار گروپ کی جانب سے امجد علی خان اور صوبائی صدر داؤد شاہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بروقت مداخلت کی اور دونوں گروپس کو ایئرپورٹ سے باہر نکال دیا گیا۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مہمان کو اسٹیٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔



















