پاکستان میں مقامی سطح پر لیتھیم بیٹری کی تیاری سے متعلق ورکنگ گروپس تشکیل دے دئیے گئے، معاون خصوصی ہارون اختر کہتے ہیں لیتھیم بیٹریز کی مقامی مینوفیکچرنگ کے لیےپالیسی تیار کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان کی زیر صدارت لیتیھم آئن بیٹری پالیسی پر اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے فنانس و ریلوے بلال اظہر کیانی کے علاوہ دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیتھیم آئن بیٹریز کی مقامی پیداوار اور مینوفیکچرنگ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
ہارون اختر نے کہا لیتیھم آئن بیٹریز کی مقامی مینوفیکچرنگ کے لیے پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔پاکستان میں لیتیھم آئن سیلز اس کے اجزاء درآمد کے بعد یہاں اسیمبل کیے جاتے ہیں۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا جدید تکنیکس صنعتوں کو پاور سیونگ اور پیداوار میں فائدہ پہنچائیں گی۔ پالیسی میں مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات شامل کیے جائیں۔
وزارت تجارت نے کہا لیتیئم آئن بیٹریز کے خام مال کی درآمد پر زیرو ٹیکس، مکمل بیٹری پر بارہ فیصد ٹیکس ہیں جبکہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی بیٹریز کی ٹیسٹنگ، سرٹیفیکیشن اور معیار کی جانچ میں سہولت فراہم کرے گی۔
ہارون اختر خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پالیسی کی تشکیل میں اپنی رائے دینے کی ہدایت کر دی۔ معاون خصوصی ہارون اختر خان نے تین ورکنگ گروپس تشکیل دیتے ہوئے دو ہفتے میں رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔



















