اگر آپ اچھے شہری ہیں تو اب سرکاری سطح پر اس بات کو نہ صرف تسلیم کیا جائے گا بلکہ ریکارڈ پر بھی لایا جائے گا۔ بس آپ کو سڑک پر دوران ڈرائیونگ اپنے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔
اگر آپ گاڑی پر ہیں تو اپنی لین میں رہیں، سیٹ بیلٹ باندھ کر رکھیں۔ اشاروں کا بروقت اور درست استعمال کریں۔ حد رفتار کی پابندی یقینی بنائیں اگر موٹرسائیکل سوار ہیں تو ہیلمٹ لازمی پہنیں۔ ٹریفک قوانین کی پابندی آپ کے اچھا شہری ہونے کا ثبوت ہے جس کو اب اسلام آباد پولیس کی گڈ سٹیزن مہم کے ذریعے سرکاری سطح پر تسلیم بھی کیا جائے گا۔
قانون کی پابندی کرنے والے شہریوں کے لیے گڈ سٹیزن اسٹیکر اب ڈیجیٹل کیوآر کوڈ کے ساتھ متعارف کرایا جارہا ہے جس کے حامل شہریوں کو سرکاری دفاتر میں وی آئی پی پروٹوکول ملے گا۔
شہریوں کے روڈ پر برتاؤ کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ روڈ پر مشاہدے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات ہوں گی۔






















