فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آ) نے خارجی عوامل کے سبب بینکوں کےغیرمعمولی منافع یا آمدنی پرچالیس فیصد ٹیکس عائد کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، بینکوں کو ونڈ فال پرافٹ پر اضافی ٹیکس تیس نومبر تک ادا کرنا ہوگا ، حکومت کو پینتیس ارب روپے تک اضافی آمدن حاصل ہونے کا امکان ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایاگیا ہے کہ نیا ٹیکس بینکوں کے سال دو ہزار اکیس ، بائیس اور تئیس میں کمائےگئےونڈفال پرافٹ پر لاگو ہو گا ، بینکوں کی تحریری درخواست پر متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو ٹیکس تیس نومبر کی تاریخ میں پندرہ دن تک کی توسیع دے سکے گا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بینکوں کو ونڈ فال پرافٹ پر اضافی ٹیکس مجوزہ چالان یا کمپیوٹرائزڈ پیمنٹ رسید کے ذریعے وفاقی خزانے میں جمع کروانا ہوگا ۔
نوٹیفکیشن میں ایف بی آر نے بینکوں کی ونڈ فال آمدنی ، منافع کے تعین کا فارمولہ بھی دیدیا ہے ، اسی فارمولے کے مطابق بینکوں کی ونڈ فال آمدنی، منافع اور گین کے تعین ہو گا ۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سےچند روز قبل اس ٹیکس کے نفاذ کی منظوری دی گئی تھی ۔