سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیاہے ، شدید جھڑپ میں بہادری سے لڑتے ہوئے قوم کے جانباز بیٹے نائیک یاسر خان نے شہادت نوش کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کلاچی کے علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں شدید جھڑپ کے دوران سات خوارج ٹھکانے لگا دیئے گئے ۔ امن دشمنوں کو بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان جام شہادت نوش کرگئے، شہید کا تعلق ضلع مردان سے ہے۔ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی خراج تحسین پیش کیا ہے ، وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف جبکہ ارض وطن کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان، ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، پاکستانی قوم اپنے بہادر افسران و جوانوں کی ارض وطن کی خاطر عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔



















