لاہور میں قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے کا کاروبار کرنے والے شہری صادق خان کے لیے یہ کام شدید مشکلات کا باعث بن گیا۔ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے صادق خان کے نام پر 23 لاکھ روپے سے زائد کے ٹریفک چالان بھجوا دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گڑھی شاہو کے رہائشی صادق خان کے نام پر 500 سے زائد موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ نکلیں، جن پر اب تک سیف سٹی کی جانب سے 2071 چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ صادق خان کئی برسوں سے موٹرسائیکلیں قسطوں پر فروخت کر رہے تھے، تاہم خریداروں نے موٹرسائیکلیں خریدنے کے بعد انہیں اپنے نام منتقل نہیں کروایا۔
سیف سٹی کے مطابق مختلف مقامات پر ٹریفک خلاف ورزیوں پر کیمرہ سسٹم کے ذریعے چالان کیے گئے، جن کی ذمہ داری کاغذات میں درج مالک پر عائد ہوئی۔ متاثرہ تاجر صادق خان نے حکام سے انصاف اور مدد کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل استعمال کنندگان کے خلاف کارروائی کی جائے۔






















