قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو پانچ ہزار روپے کے دس کرنسی نوٹ مل گئے۔
اسپیکر نے نوٹ لہرا کر پوچھا کہ یہ پیسے کس کے ہیں، تو بارہ اراکین نے یکے بعد دیگرے ہاتھ کھڑے کر دیے، جس پر ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔
ایوان میں موجود اراکین حیران رہ گئے جب اسپیکر نے بتایا کہ اجلاس کے دوران کسی رکن کے پیسے زمین پر گر گئے تھے اور اپوزیشن کے ایوان میں آنے سے پہلے یہ نوٹ ملے۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ وہ رقم اصل مالک تک پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم جب انہوں نے پوچھا کہ پیسے کس کے ہیں تو متعدد اراکین نے خود کو مالک ظاہر کر دیا۔
ایاز صادق نے مسکراتے ہوئے کہا: "یہ تو 12 اراکین نے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں!" جس پر پورا ایوان ہنس پڑا۔
بعد ازاں اسپیکر نے سیکریٹری اسمبلی کو ہدایت کی کہ پیسے تصدیق کے بعد اصل مالک تک پہنچائے جائیں۔ دلچسپ معاملے نے اجلاس کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔






















