فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا ) نے 2026 کے فٹ بال ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس میں ٹورنامنٹ کے تمام 104 میچز کے مقامات اور اوقات کار کی تفصیلات شامل ہیں۔
شیڈول کا اعلان واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے رنگا رنگ تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو اور فٹ بال کی دنیا کے لیجنڈز رونالڈو (برازیل)، فرانسسکو ٹوٹی، ہریسٹو اسٹوئیچکوف اور الیکسی لالاس نے شرکت کی۔
یہ تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ٹورنامنٹ میں گروپ اے کا افتتاحی میچ میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان 11جون کو دوپہر ایک بجے میکسیکو سٹی سٹیڈیم میں منعقدہوگا۔ یہ 48 ٹیموں والے فارمیٹ کا پہلا میچ ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ 2010 کے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کا ایک طرح سے ری پلے ہوگا اور دونوں ٹیموں کے کوچز (میکسیکو کے جیویر اگوئیر اور جنوبی افریقہ کے ہیوگو بروس) 1986 کے ورلڈ کپ کے بعد اسی مقام پر دوبارہ آمنے سامنے ہوں گے۔کینیڈا کا میچ 12 جون کو کو ٹورنٹو میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر3بجے کھیلا جائے گا۔ کینیڈا کا مقابلہ یورپی پلے آف ٹیموں اٹلی، شمالی آئرلینڈ، ویلز یا بوسنیا میں سے جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔
امریکا کا مقابلہ پیراگوئے سے اسی روز (12 جون)مقامی وقت کے مطابق شام6بجے لاس اینجلس میں ہوگا۔ورلڈ کپ کی تاریخ کا 1000واں میچ 20 جون کو کو تیونس اور جاپان کے درمیان رات ایک بجے مونٹیری ،میکسیکو میں منعقد ہوگا ۔ یہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک ہزارواں میچ ہوگا اور یہ 2002 کے ورلڈ کپ میچ کا ری میچ بھی ہے۔انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان میچ 17 جون کو ڈلاس سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر3بجے ہوگا۔ یہ 2018 کے سیمی فائنل کا ری پلے ہوگا۔ ڈلاس کا سٹیڈیم اپنی چھت اور موسمیاتی کنٹرول کی وجہ سے کھلاڑیوں کے لئے بہترین کنڈیشنز فراہم کرے گا۔برازیل اور مراکش کے درمیان میچ 13 جون کو نیویارک، نیو جرسی سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام 6بجے ہوگا ۔
جرمنی اور کیوراساؤ کے درمیان میچ 14 جون کو ہیوسٹن سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے ہو گا۔کیوراساؤ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والا اب تک کا سب سے چھوٹا ملک ہے جو اپنی مہم کا آغاز چار بار کی عالمی چیمپئن جرمنی کے خلاف کرے گا۔فیفا کے مطابق ہر سٹیڈیم کے درجہ حرارت، سفری سہولیات اور دنیا بھر کے ٹائم زونز کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ شائقین زیادہ سے زیادہ میچز براہ راست دیکھ سکیں۔ ورلڈ کپ کے لئے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے لئے درخواستیں رواں سال 11 دسمبر سے وصول کی جائیں گی اور 13 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی۔ شائقین فیفا کی ویب سائٹ سے ٹکٹ اور ہاسپیٹلیٹی پیکجز بک کروا سکتے ہیں۔






















