نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ایک چور نے سونے کا انڈا نگل لیا تاہم وہ قانون کے شکنجے سے نہ بچ سکا پولیس نے کئی روز کی کوششوں کے بعد برآمد کر لیا۔
یہ انوکھا واقعہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پیش آیا، جہاں ایک سپر اسٹور میں 32 سالہ چور نے یہ نایاب سونے کا انڈا نگل لیا، تاہم اس کی یہ کوشش ناکام ہوئی اور پولیس نے اس کو فرار ہونے سے قبل ہی گرفتار کر لیا۔ یہ انڈا اس نے ایک سپر اسٹور سے چرایا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ اس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے پیٹ سے سونے کا انڈا برآمد کر لیا ہے اور اس انڈے کی مالیت لگ بھگ 20 ہزار امریکی ڈالر ہے۔
یہ سونے کا انڈا کسی مرغی کا نہیں بلکہ انڈے کی شکل میں ایک نایاب طلائی لاکٹ تھا۔ یہ خاص ایڈیشن کا لاکٹ جیمز بانڈ کی مشہور فلم ’آکٹوپسی‘ سے متاثر تھا جس کا پلاٹ بھی ایک نایاب فیبرجے انڈے کی چوری کے گرد گھومتا ہے۔ اس انڈے کے اندر ایک چھوٹا سا سنہری آکٹوپس (سمندری کیڑا) بھی رکھا گیا تھا۔






















