مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کی تعمیر و ترقی مسلم لیگ ن کی محنت اور عوامی خدمت کا نتیجہ ہے، شہباز شریف کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں شہر کی بڑے پیمانے پر تعمیر و بحالی ہوئی۔
خرم دستگیر نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں میڈیکل کالج 2011 سے کام کر رہا ہے جبکہ اسپتالوں، میڈیکل کالجز اور شہر بھر کی سڑکوں کی تعمیر بھی (ن) لیگ کے دور میں مکمل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ایک محبت کرنے والا شہر ہے اور جیسے جیسے شہر بڑھ رہا ہے اس کی ضروریات بھی بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح ہو چکا ہے جبکہ ٹریفک مسئلے کے حل کے لیے دو فلائی اوورز بنائے جا چکے ہیں، مستقبل میں ریلوے کراسنگ پر انڈرپاسز اور مزید فلائی اوورز تعمیر کرنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ شہر کی لائف لائن ہے اور ریلوے برجز کی تعمیر سے ٹریفک کے مسائل مزید کم ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ گوجرانوالہ میں اربن ڈیولپمنٹ کے مسائل رہیں گے مگر جہاں مسائل ہوتے ہیں ہم انہیں حل کرتے ہیں، گوجرانوالہ کو کامن ویلتھ میں سب سے زیادہ اعزازات ملنے کا شرف حاصل ہے اور پہلوانوں اور ویٹ لفٹنگ کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ویٹ لفٹنگ اور پہلوانی کا سینٹر بنانے کی بھی صلاحیت موجود ہے۔





















