چین نے بدھ کو شمال مغربی علاقے سے ایک دوبارہ قابل استعمال(ری یوز) کیریئر راکٹ ’’ژوقے-3‘‘ لانچ کر دیا۔ راکٹ کا دوسرا حصہ مقررہ مدار میں پہنچ گیا تاہم پہلےحصہ کی لینڈنگ میں ناکامی ہوئی۔
خبرایجنسی کے مطابق ژوقے-3 راکٹ کو ڈونگ فونگ کمرشل سپیس انویشن پائلٹ زون سے فائر کیا گیا۔ واپسی کے دوران اس کے پہلے حصے میں ایندھن کے جلنے کے عمل میں غیر معمولی مسئلہ پیدا ہوگیا جس کے باعث راکٹ لینڈنگ پیڈ پر نہیں اتر سکا جس کے باعث واپسی کا تجربہ ناکام ہو گیا۔ واقعے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
بیجنگ میں قائم راکٹ ساز کمپنی لانڈ سپیس کے مطابق ژوقے-3 مائع آکسیجن اور میتھین سے چلنے والا راکٹ ہے جسے کم لاگت، زیادہ گنجائش اور بار بار پروازوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس مشن کے دوران راکٹ کے مکمل ڈیزائن اور سسٹم کی ہم آہنگی کا کامیابی سے جائزہ لیا گیا اور پرواز کے دوران اہم ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، جو مستقبل میں آپریشنل پروازوں اور راکٹ مرحلوں کی واپسی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔





















