وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کی یقین دہانی کرا دی اور کہا کہ تئیس دسمبر کو ہونے والی بِڈنگ براہ راست نشر ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پی آئی اے کی نجکاری میں شریک اہم کاروباری شخصیات نے ملاقات کی، جس میں نجکاری کے جاری عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت اور میرٹ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تئیس دسمبر کی بِڈنگ ملک بھر میں براہِ راست دکھائی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے کا عمل جاری ہے اور امید ہے کہ پی آئی اے دوبارہ "گریٹ پیپل ٹو فلائی وِد" کی روایت پر پورا اترے گی۔ ان کے مطابق عالمی پروازوں کی بحالی سے سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت ملے گی اور سیاحت کے فروغ کیلئے پی آئی اے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے۔
شرکاء نے حکومت کے پیشہ ورانہ اور شفاف طریقۂ کار کی تعریف کی اور کہا کہ نئی انتظامیہ جس کے سپرد ذمہ داری آئے گی وہ پوری توانائی کے ساتھ ادارے کی بہتری کیلئے کام کرے گی۔






















