34 سال بعد برآمدکنندگان پر عائد ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج آج سے ختم کردیا گیا، ایف بی آر نے ای ڈی ایس کے خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا، جو سماء کو موصول ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے نومبر میں اس حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں، ایف بی آر کسٹم ونگ نے نوٹیفکیشن اسٹیٹ بینک کو بھیج دیا۔
ایف بی آر کے مطابق اسٹیٹ بینک بینکوں کو برآمدی آمدنی سے ای ڈی ایس منہا کرنے سے روک دے، برآمدات کی مالیت کا 0.25 فیصد ای ڈی ایس ایکسپورٹرز سے لیا جاتا تھا، 2011 سے ہر سال تقریباً 5 سے 6 ارب روپے ای ڈی ایس کی مد میں جمع ہوتے تھے۔
زبیر موتی والا کے مطابق ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈمیں اس وقت بھی50ارب روپےموجود ہیں۔ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج 1991 میں پہلی بار فائنانس ایکٹ کے تحت لگا تھا ، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ایکٹ 1999 بناکر اسے لیگل کور دے دیا گیا۔



















