سعودی عرب اور روس نے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت دینے سے متعلق معاہدے پر دستخط کر دیئے۔
خبرایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور روس کی جانب سے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے گزشتہ روز ریاض میں ہونے والے سعودی، روسی انویسٹمنٹ اینڈ بزنس فورم کے دوران معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیر توانائی اور سعودی روسی مشترکہ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور روس کے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو سیاحت، کاروبار یا فیملی وزٹ کے لئے ویزا فری انٹری کی اجازت ہوگی۔ استثنا ایک کیلنڈر سال کے اندر مجموعی طور پر 90 دن کے لئے ہوگا۔ اس استثنا کا اطلاق ورک، سٹڈی، رہائش یا حج کے لئے نہیں ہوگا، اس کے لئے مخصوص ویزے کی ضرورت رہے گی۔
علاوہ ازیں کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن اور روسی فیڈریشن کی وفاقی آرکائیوز ایجنسی کے درمیان متعلقہ شعبوں میں تعاون اور تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے، جس کے تحت کانفرنسز، سیمینار اور نمائش کے انعقاد کے علاوہ لٹریچر کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔






















