منگولیا کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے ملک میں شدید سردی اور برفباری متوقع ہے، بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی 39 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی رات سے ملک کے مغربی اور وسطی حصوں میں شدید برفباری ہوگی، جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی 39 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہفتے سے اتوار کے درمیان مغرب میں التائی پہاڑوں اور جنوبی صوبوں جیسے امنوگووی، ڈنڈگووی اور ڈورن گووی میں شدید طوفانی ہوائیں اور برفانی طوفان متوقع ہیں، جہاں ہوا کی اوسط رفتار 18 سے 20 میٹر فی سیکنڈ تک ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اولان باتور اور ملک کے 21 صوبوں کے رہائشیوں، بشمول خانہ بدوش چرواہوں، کو ممکنہ آفات سے بچاؤ کے لیے اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ منگولیا کی سردیوں کا موسم طویل اور سخت ہوتا ہے، اور درجہ حرارت منفی 25 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔





















