لاہور کے محکمہ تعلیم نے تمام سرکار ی و نجی سکولز میں بچوں کی جانب سے موٹرسائیکل یا گاڑی لانے پر پابندی لگانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔
انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز سیون میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے پیش نظر لیا گیا ہے جس میں ایک کم عمر ڈرائیور کی غفلت اور ریش ڈرائیونگ کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
انتظامیہ کی جانب سے تمام سکولوں کے پرنسپل اور سربراہوں کو متنبہ کیا گیاہے کہ اگر وہ اس پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ کی ہدایات موصول ہونے کے بعد کلاسز کے انچارجز کی جانب سے طلباء کو آگاہ کر دیا گیاہے ۔
اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے سکول کے طلبہ کو ٹریفک قوانین سے متعلق کلاسز میں آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ، جو بچے سکولوں میں گاڑیاں لاتے ہیں ان کے والدین کو بلا کر انہیں بھی آگاہی فراہم کی جائے ۔
یاد رہے کہ حادثے کے بعد کم عمر ڈرائیوز کے خلاف سخت کریک ڈاون جاری ہے اور اب تک 1900 ڈرائیورز کو جرمانے کیئے جا چکے ہیں ۔