برطانیہ کے بدنصیب بحری جہاز ٹائی ٹینک کے بزرگ مسافر جوڑے سے برآمد ہونے والی سونے کی گھڑی نیلامی کے لیے پیش کی گئی، جہاں اس نے قیمت کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیب میں رکھنے والی یہ نایاب سونے کی گھڑی 3.61 ملین آسٹریلوی ڈالرز میں فروخت ہوئی، جو ٹائی ٹینک سے متعلق کسی بھی یادگار شے کے لیے اب تک ادا کی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے۔
اس سے قبل گزشتہ سال ایک اور سونے کی گھڑی، جو اُس جہاز کے کپتان کو دی گئی تھی جس نے ٹائی ٹینک کے 700 سے زائد مسافروں کو بچایا تھا، 3.16 ملین آسٹریلوی ڈالرز میں نیلام ہوئی تھی۔
نیلام کنندگان کے مطابق ٹائی ٹینک سے متعلق تاریخی اشیا کے شوقین افراد کے لیے یہ گھڑی انتہائی قیمتی اہمیت رکھتی ہے۔





















