پشاورصدرمیں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرکےگیٹ پرخودکش دھماکا ہوا ہے،جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2دہشتگرد ہلاک ہوئے،تین اہلکار شہید 5 زخمی ہیں،خودکش حملےمیں شہید تین اہلکاروں کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور میں ادا کردی گئی۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق خوارج نےفیڈرل کانسٹبلری ہیڈکوارٹرکے گیٹ پرخودکش دھماکا کیا،خودکش دھماکے کے بعد2خوارج نے ہیڈکوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی جن کو ماردیا گیا،تینوں حملہ آور ہلاک ہوچکے ہیں،فائرنگ کی آوازرک گئی ہے،حملے میں ایف سی کے 3اہلکار شہید، 5 زخمی ہوئے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے،علاقے کی کلیئرنس کی جا رہی ہے۔
آئی جی کے پی ذوالفقارحمیدکا کہنا ہےکہ سیکیورٹی انتظامات بہترہونےکی وجہ سے حملہ آورکو اندرجانے نہیں دیا گیا،ایف سی ہیڈکوارٹر بڑاکمپلیکس ہے،حملہ آور اندرچلےجاتے تو بڑا نقصان ہوتا،کوئیک رسپانس کی وجہ سے بڑا نقصان نہیں ہوا،ایک خودکش حملہ آور نےپہلےگیٹ پرانٹری دی،ایف سی کی فائرنگ سے دوسرا خودکش حملہ آور بھی مارا گیا،انکے قبضے سے دو خودکش جیکٹس اور آٹھ ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے، سیکورٹی فورسز حکام کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعدخیبرٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ایک زخمی کو خیبرٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا،زخمی کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔
سیکیورٹی فورسز اورفیڈرل ریزرو پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پرموجود ہیں, علاقے کو گھیرے میں لےکر راستے بندکردئیے،اس سےقبل ایف سی کمانڈر کو بھی اسی چوک پر خودکش دھماکے کانشانہ بنایاگیا۔
خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی وڈیومنظرعام پرآ گئی،وڈیوکےمطابق دھماکا8بج کر11منٹ پر ہوا، دھماکےکےوقت سڑک پرٹریفک رواں دواں تھی،سڑک کنارےچلنےوالاشہری بھی دھماکےکی زدمیں آیا،ایف سی گیٹ کےسامنےموجود اہلکار شہری کو اندر لے گئے۔
خودکش حملےمیں شہید تین اہلکاروں کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور میں ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی،وزیر اعلی کےپی سہیل آفریدی،کورکمانڈر پشاور،آئی جی ایف سی اورآئی جی پولیس سمیت اعلی فوجی و سول حکام نے شرکت کی،شہداء کے جسد خاکی پر پھول رکھے اور سلامی پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف سی ہیڈکوارٹر پردہشتگردحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا،سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے،واقعے کےذمہ داران کو جلدشناخت کرکے کیفرکردارتک پہنچایاجائے،پاکستان کی سالمیت پرحملہ کرنےوالے دہشتگردوں کےمزموم عزائم کوخاک میں ملادیں گے،حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کےمکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔



















