امریکی اداکار ٹام کروز کو اُن کی طویل اور شاندار فلمی خدمات کے اعتراف میں اعزازی آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ان کے کئی دہائیوں پر مشتمل کیریئر کا پہلا آسکر ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق لاس اینجلس کے ڈولبے تھیٹر میں ’’مشن امپاسیبل‘‘ کے مشہور تھیم کی دھنوں میں سٹیج پر آنے والے 63 سالہ اداکار ٹام کروز کا استقبال کولن فیرل، ایمیلیو سٹیوائز اور لیجنڈری ڈائریکٹر سٹیون سپیلبرگ نے کیا۔ لیجنڈری ڈائریکٹر سٹیون سپیلبرگ نے ٹام کروز کی ’’میناریٹی رپورٹ‘‘ اور’’وار آف دی ورلڈز‘‘ جیسی فلمیں ڈائریکٹ کی تھیں۔ انہیں کولن فیرل، ایمیلیو اسٹیوائز اور سٹیون سپیلبرگ سمیت متعدد ساتھی فنکاروں نے خوش آمدید کہا۔
چار بار آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے کے باوجود کبھی ایوارڈ نہ جیتنے والے ٹام کروز نے اپنے خطاب میں سینما سے اپنی دیرینہ محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑی سکرین وہ جگہ ہے جہاں مہم جوئی کی پیاس پیدا ہوتی ہے، سیکھنے کا شوق جاگتا ہے، انسانیت کو سمجھنے کی خواہش جنم لیتی ہے اور کردار تخلیق کرنے سے لے کر دنیا کو دیکھنے تک سب کچھ ممکن محسوس ہوتا ہے۔
اعزازی آسکر ہر سال اُن شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے فلمی دنیا میں نمایاں اور دیرپا خدمات انجام دی ہوں۔ٹام کروز کو ایوارڈ معروف میکسیکن فلم ساز الیخاندرو گونزالیز اینیاریتو نے پیش کیا، جو ٹام کروز کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ’’جُوڈی‘‘ ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔
تقریب میں اداکارہ ڈیبی ایلن (’’فیم‘‘)، پروڈکشن ڈیزائنر وِن تھامس اور کنٹری سنگر کی ڈولی پارٹن کو بھی اعزازی آسکر سے نوازا گیا۔ ڈولی پارٹن کو ان کی غیر معمولی انسان دوست خدمات کے اعتراف میں اس اعزاز کا مستحق قرار دیا گیا۔






















