اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تمام اضلاع کے آر پی اوز اور دیگر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کردیے کہ تعلیمی اداروں، عدالتوں اور پولیس دفاترکی سیکیورٹی سخت کی جائے۔ حساس اداروں،تنصیبات میں سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔
قبل ازیں لاہور میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے،عدالتوں کی سکیورٹی پرتعینات اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی گئی،ماتحت واعلی عدالتوں کےارد گرد پولیس پٹرولنگ بڑھائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ بڑھادی گئی،انٹری پوائنٹس کی کلوز سرکٹ کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے،مشکوک گاڑیوں کی جامع چیکنگ کی جارہی ہے،شہر میں داخل ہونے والوں کے کوائف کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آبادڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کےقریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آورکاسرمل گیا،دھماکےمیں زخمی افراد کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا،شہید ہونے والے بارہ افراد کی شناخت کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے مقام سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں میں ہوا،دھماکے کی آواز پولیس لائنز ہیڈکوارٹر تک سنی گئی۔





















