اسپین کی ایک مقامی عدالت نے کولمبیا کی گلوکارہ شکیرا پر ٹیکس فراڈ کیس میں بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کولمبیا کی گلوکارہ شکیرا کی اسپین عدالت میں ٹیکس فراڈ کیس میں پیشی ہوگئی، بارسلونا عدالت نے شکیرا پر سات اعشاریہ تین ملین یورو جرمانہ عائد کردیا۔
گلوکارہ شکیرا نے 15 ملین ڈالر سے بچنے کیلئےاسپین ٹیکس حکام کے ساتھ ڈیل کر لی۔ جس کے بعد انہیں سات اعشاریہ تین ملین یورو ادا کرنا ہوں گے۔ ان پر الزام ہےکہ انہوں نے 2012 سے 2014 میں انکم ٹیکس کی مد میں 15 ملین ڈالرادا نہیں کیےتھے۔
واضح رہے کہ شکیرا کو اسپین میں گزشتہ چند سال سے ٹیکس فراڈ کے کیسز کا سامنا ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2012 سے 2014 کے دوران کی گئی عالمی کمائی کا ٹیکس جمع نہیں کروایا، تاہم وہ ایسے الزامات کو مسترد کرتی رہی ہیں۔
شکیرا کے وکلا کے مطابق گلوکار اسپین میں باضابطہ طور پر 2015 میں منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ جزیرہ نما ملک بہاماس میں ٹیکس ادا کرتی رہی ہیں۔ منتقلی سے قبل وہ یہاں ٹیکس دینے کی پابند نہیں تھی۔