قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا مشترکہ اجلاس ختم ہو گیاہے جو کل 11 بجے دوبارہ ہو گا۔ اجلاس کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جب تک 100 فیصد اتفاق نہیں ہو گا مشاورت جاری رہے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے ، جے یو آئی کا بائیکاٹ کرنا انکا جمہوری حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعظم نذیر تارڑ کا کہناتھا کہ آج سارے ممبرز نے سنجیدگی سے ترمیم کا مسودہ دیکھا ہے، ارکان کی طرف سے کچھ سوالات اٹھائے گئے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے ، ویڈیو لنک کے ذریعے اعجاز الحق نے اجلاس میں شرکت کی، جب تک 100 فیصد اتفاق نہیں ہو گا مشاورت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا بائیکاٹ کرنا انکا جمہوری حق ہے، عالیہ کامران کو فون آیا کہ ہمیں نہیں بیٹھنا ، 18 ویں ترمیم کے وقت پر اس پر عمل نہ ہوسکا، 60 فیصد کلاز پر بحث مکمل ہوگئی ہے، کل دن گیارہ بجے کمیٹی کا دوسرا اجلاس بلالیا ہے ۔
مشترکہ کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس کی صدارت فاروق ایچ نائیک نے کی، اجلاس میں سائرہ افضل تارڑ،منزہ حسن،نوید قمر،نفیشہ شاہ ، سید حفیظ الدین،بلال اظہر،قاسم گیلانی،زہرہ ودود فاطمی شریک ہوئیں۔






















