صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے وفد کے ساتھ ملاقات کی جس کے بعد پیپلز پارٹی نے میڈیا سے گفتگو میں آزاد کشمیر حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت بحران کا سبب بن گئی ہے، انوارالحق حکومت نے معاملات کو اتنا خراب کیا کہ وفاق کو مداخلت کرنا پڑی ، مسلم لیگ کے اس فیصلے کو پیپلز پارٹی نے مانا ہے، وزیر اعظم بیرون ملک ہیں ان سے مشاورت کرکے باقی فیصلے کریں گے ۔
سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ن لیگ ساتھ دے گی، ن لیگ نئی آزاد کشمیر حکومت میں شامل نہیں ہوگی، ساری صورتحال پر صدرمملکت کو اعتماد میں لے لیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے وفد نے ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی ، وفد میں احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام سمیت دیگر رہنما شامل تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، قمر زمان قاہرہ، راجہ پرویز اشرف، نئیر بخاری شامل تھے ۔



















