وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے سماء نیوز کے پروگرام’’ ندیم ملک لائیو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود برقرار رکھنا بہترین فیصلہ ہے، اسٹیٹ بینک کا اپنا فیصلہ ہے حکومت رائے نہیں دے سکتی، امید تھی کہ شرح سود میں کمی آئے گی، مستقبل میں شرح سود میں کمی آسکتی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم کا پورا فوکس ملکی معیشت بہتر کرنے پر ہے، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے 11 فیصد پر آیا ہے بہتری ہوئی ہے۔ ہم دہشتگردی کےخلاف جنگ لڑرہے ہیں،لڑتے رہیں گے، ہم اپنے شہریوں کےتحفظ پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، شہریوں کے تحفظ پر مزید کسی قسم کی لچک نہیں دکھائی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، جنگ مسلط ہوئی توہمیں جنگ لڑنا اور جیتنا آتی ہے، ہم نے لاکھوں افغان مہاجرین کیلئے اپنے دروازے کھولے رکھے، پاکستان کو اپنے دفاع کیلئے جو قدم اُٹھانا پڑا اُٹھائے گا،اہم گفتگو میں پی ٹی آئی کو شامل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کےپی کو اجلاس میں آنے کی دعوت دی،وہ نہیں آئے، پی ٹی آئی کردار ادا نہیں کرنا چاہتی تو کوئی گھسیٹ کر نہیں لاسکتا، عمرایوب کو اسمبلی میں جتنا بات کرنے کا موقع ملا کسی کونہیں ملا۔



















