فیلڈ مارشل عاصم منیر اُردن کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں ان کی اُردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات ہوئی جس دوران باہمی دلچسپی امور ، دفاع اور سلامتی میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی پیشرفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل اور شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات میں اُردن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ، ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے ۔فیلڈمارشل نے پاکستانی عوام،حکومت اور مسلح افواج کی جانب سےتہنیتی پیغام پہنچایا۔
ملاقات میں فیلڈمارشل نے اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ شاہ عبداللہ دوم نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔
فیلڈ مارشل کی اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی سے بھی ملاقات ہوئی، اردن کے جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور سلامی بھی دی گئی، ملاقات کے دوران نے پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے درمیان گہرےاور تاریخی تعلقات کااعادہ کیا گیا ، میجرجنرل یوسف احمدالحنیتی نے امن اور علاقائی سلامتی کیلئے پاکستانی مسلح افواج کی شاندار خدمات کا اعتراف کیا ۔



















