ترکیہ،سعودی عرب اورسری لنکا کےوزرائےٹرانسپورٹ و مواصلات کی وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں،ملاقاتوں میں علاقائی لاجسٹک شراکت داری،کاروباری تعاون اور ٹرانسپورٹ رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کی دوست ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، عبدالعلیم خان سے ترکیہ کےوزیرٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر عبدالقادر اوغلو سےملاقات میں لاجسٹک پارٹنرشپ اورکاروباری روابط کو وسعت دینےپراتفاق کیاگیا۔
عبدالعلیم خان نےکہاکہ پاکستان،ترکیہ کے ساتھ لاجسٹک پارٹنر شپ چاہتا ہےاوراین ایل سی کےذریعےشراکت داری ممکن ہے،ترکش وزیرمواصلات نے پاکستان میں معاشی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین این ایچ اےکو پاک ترکیہ مواصلاتی امورمیں پیشرفت کےلیےفوکل پرسن بھی مقرر کردیا گیا۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ ترکیہ کی ترقی صدر اردوان کی قیادت میں قابلِ تحسین ہے اور ترکیہ کی ہر گلی میں پاکستانیوں کی موجودگی دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔
سعودی عرب کےنائب وزیرٹرانسپورٹ رومیع الرومیع نےوفاقی وزیرسےملاقات میں دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کواعزاز قراردیا،سعودی نائب وزیر نےپاکستان کی پالیسیوں اورریجنل منسٹرز ٹرانسپورٹ کانفرنس کے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئےعبدالعلیم خان کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دے دی۔
سری لنکا کےوزیرٹرانسپورٹ بمل رتھ نائیک نےعبدالعلیم خان سےملاقات میں بندرگاہوں اورلاجسٹک مراکز کے قیام اوربس بیڑے کی جدید کاری کےمنصوبے میں تکنیکی تعاون کی درخواست کی،عبدالعلیم خان نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان تمام شراکت داروں کےساتھ تعاون کے لیےتیار ہےاور این ایل سی اور ایف ڈبلیو او آئندہ مشاورت میں حصہ لے سکتی ہیں۔
ای سی او کے سیکرٹری جنرل ارشد مجید سےملاقات میں وفاقی وزیر نےکہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی خطے کے ترقیاتی اہداف کے لیے ناگزیر ہے،ملاقات میں استنبول، تہران، اسلام آباد تجارتی راہداری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔






















