وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے۔
چینی میڈیا کو انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پیشرفت ہوئی ۔ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی زیرغور ہیں ۔ زرمبادلہ کے ذخائر ڈھائی ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ 3 بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی، گزشتہ مالی سال میں ملک کی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال 4 فیصد سے زائد کی ترقی کا ہدف تھا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کی بقا کا مسئلہ قرار دیدیا ۔ کہا پےدر پے سیلابوں سے پاکستان کا زرعی شعبہ اور معیشت متاثر ہو رہی ہے ۔ اس سال معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہے گی جو مقررہ ہدف سے کم ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، حال ہی میں بیجنگ میں 24 مشترکہ منصوبوں پر معاہدے ہوئے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی زیر غور ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ، پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے ۔ نجکاری پروگرام کی پہلی ٹرانزیکشن مکمل ہو چکی۔ ایک بینک کو متحدہ عرب امارات کی کمپنی نےخرید لیا۔ قومی ایئر لائن کی نجکاری بھی سال کے اختتام سے قبل مکمل ہونے کی توقع ہے۔ سال کے اختتام سے قبل پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔




















