وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کی صورتحال پر امن سربراہی اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے بحران کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں پاکستان کے دیرینہ موقف پر زور دیا ۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے سلسلے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مؤقف اور یکجہتی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔






















