اسلام آباد میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل سوار پر تشدد کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی تو چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں نے متعلقہ اہلکاروں کو انکوائری مکمل ہونے تک معطل کر دیا۔
احتجاج روکنے کے لیے لگائی گئی رکاوٹ سے آگے بڑھنے پر ٹریفک پولیس اہلکار شہری پر ٹوٹ پڑے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار آن لائن بائیک رائیڈر پر تشدد کر رہے ہیں اور اس کا ہیلمٹ بھی زمین پر پھینک دیا گیا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل سوار نے خود کو سرکاری ایجنسی کا اہلکار ظاہر کیا اور ناکہ توڑتے ہوئے ایکسپریس وے پر آ گیا۔ ترجمان کے مطابق جھگڑا بائیک رائیڈر کی اہلکاروں سے بدتمیزی کے بعد ہوا۔ واقعے کی مکمل انکوائری تک متعلقہ ٹریفک آفیسرز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ وردی میں اختیارات کا غلط استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔



















