لاہور میں امن و امان کی صورتحال کے باعث تمام اسکولوں اور یونیورسٹیز میں وقت سے پہلے چھٹی دے دی گئی۔
سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث سرکاری ونجی اسکولوں میں بچوں کو جلدی چھٹی دی گئی، والدین کو چھٹی کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے۔
محکمہ ہائرایجوکیشن نے لاہور کی تمام جامعات اور کالجز کو بند کرنے کے حکم دیدیا۔ پنجاب یونیورسٹی نے بھی یونیورسٹی بندکرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، یونیورسٹی خالی کرالی گئی، پنجاب یونیورسٹی میں کلاسز معطل کردی گئیں۔
شہر میں اورنج لائن ٹرین اور میٹر بس سروس معطل ہے۔ راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ سٹی ٹرمینل اور رہبر ٹرمینل سمیت دیگر بس اڈے بند کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں فوری طور پر 10 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی۔ دفعہ 144 کا نفاذ عوامی مقامات، گلی، محلوں اور کھلے میدان میں چار یا چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر ہوگا۔ مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں فوری طور پر دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے۔ صوبہ بھر کے عوامی مقامات، گلی، محلوں اور کھلے میدان میں چار یا چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ صوبہ بھر میں اسلحے کی نمائش، عوامی اجتماعات اور لاوڈ سپیکرز کےاستعمال پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔






















