ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر برنارڈ جولین 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق برنارڈ جولین ورلڈ کپ 1975 کی فاتح ویسٹ انڈین ٹیم کے رکن تھے۔ برنارڈ جولین کو 24 ٹیسٹ اور 12 ون ڈے میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کا اعزاز حاصل تھا۔باغی ٹیم کا حصہ بننے پر ویسٹ انڈیز میں برنارڈ جولین پر تاحیات پابندی لگا دی گئی تھی۔
برنارڈ جولین 75 برس کی عمر میں ٹرینیڈاڈ کے قصبے والسین میں انتقال کر گئے۔برنارڈ جولین نے اپنی یادگار کارکردگی کا مظاہرہ 1975 کے پہلے ورلڈ کپ میں کیا، جہاں انہوں نے سری لنکا کے خلاف 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، پھر سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 27رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف 26 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
سابق آل راؤنڈر برنارڈ جولین ایک دلیر اور باصلاحیت آل راؤنڈر کے طور پر مشہور تھے، جنہیں لیفٹ آرم سیم باؤلنگ، خوبصورت شاٹس کھیلنے اور شاندار فیلڈنگ کے لیے جانا جاتا تھا۔سابق کپتان کلیو لائیڈ نے اپنے ساتھی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ 100 فیصد سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر تا تھا ۔ ہم ان پر میچ کے ہر وقت بھروسہ کر سکتے تھے ، چاہے بیٹنگ ہو یا بائولنگ ۔ وہ بہترین کرکٹر تھا اور ہم سب کے دل میں اُس کا خاص مقام تھا۔






















