یورپی ممالک ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز، ناروے، سویڈن اور برطانیہ نے صدر ٹرمپ کی ٹیرف کی دھمکیوں کو مسترد کردیا۔
گرین لینڈ کے معاملے پر یورپی ممالک نے مشترکا بیان میں کہا کہ ڈنمارک کی حکومت اور گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈنمارک میں فوجی مشقیں کسی ملک کے لیے خطرہ نہیں۔ آرکٹک اینڈورنس مشقیں اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کی گئیں۔
یورپی ممالک کے مشترکا بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم متحد رہیں گے،اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، ٹیرف کی دھمکیاں ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ گرین لینڈ کے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب بلومبرگ کے مطابق یورپی یونین کا امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے پر عملدرآمد روکنے پر غور شروع کردیا، سربراہ یورپین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں تجارتی معاہدے کی منظوری ممکن نہیں، امریکی مصنوعات پرزیرو ٹیرف کی پالیسی کو مؤخر کرنا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق یورپین پیپلز پارٹی یورپی پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت ہے، ای پی پی اور چند دیگر جماعتیں مل کر تجارتی معاہدے کی منظوری روک سکتی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے گرین کی حمایت کرنے پر 8 یورپی ممالک پر 10 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا ہے۔



















